بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا لیکن آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے۔ بلوچ ثقافت، لباس اور زبان اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے۔ پوری دنیا میں 2 مارچ بلوچ ثقافت کے فروغ کے طور پرمنایا جاتا ہے۔ اس دن پورے ملک میں بالعموم اور بلوچستان کے طول و عرض میں بالخصوص تقریبات کا اہتمام کیاجاتا ہے۔ جس میں بلوچی ثقافت کو بھرپور نمائندگی دی جاتی ہے۔
ملٹری کالج سوئی میں ہر سال بلوچ کلچر ڈے بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جس میں بلوچ ثقافت کی بھرپور عکاسی کی جاتی ہے۔
اس سال بھی2مارچ کو یہ دن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ کالج میں بہت سی تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔ کالج کے تمام ملازمین، فیکلٹی اور طلبہ بلوچی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔ شام کو بلوچی لباس میں ملبوس فیکلٹی اور سٹاف کی واک منعقد کی گئی۔ رات کو بلوچی اور پاکستانی ثقافت کے بھرپور اظہار کے لیے خوبصورت سٹیج شو منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ ملٹری کالج سوئی کے علاوہ فرنٹیئر کور(ایف سی) بلوچستان اور موجودہ مسلح افواج کے افسروں، جوانوں اور ان کی فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں کیڈٹس نے پاکستان کے تمام علاقوں کے علاقائی رقص پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈیئر وسیم قیصرنے بلوچی ثقافت کا بھرپور اظہار کرنے پر کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔
ان تقریبات کا مقصد بلوچی ثقافت کا فروغ اور بلوچ عوام اور مسلح افواج کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ پاک فوج بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہے۔
یاد رہے کہ ملٹری کالج سوئی2011ء سے بلوچستان کے عوام کو تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے۔ یہاں سے فارغ التحصیل 290سے زائد کیڈٹس پاکستان آرمی کمیشنڈ آفیسر بن چکے ہیں۔ مزید برآں ملٹری کالج سوئی میں زیر تعلیم کیڈٹس کی نصف تعداد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔
تبصرے