گزشتہ دنوں وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے عسکری قیادت کے ساتھ قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں کے امور پر بات چیت کی۔ انہیں موجودہ سکیورٹی ماحول اورسکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں کو سراہا اور ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے عزم کو سراہا۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔ با ہمی گفتگو کے دوران سویلین اور فوجی قیادت نے قومی مفادات کو برقرار رکھنے اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
تبصرے